یونان: ریل مزدوروں کی سامراج مخالف ہڑتال

تھیسالونیکی میں یونانی ریل کمپنی ”ٹرینوز“ کے مزدوروں نے الیگزینڈروپولی کی بندرگاہ سے نیٹو ٹینکوں کو یوکرین لے جانے میں مدد کرنے سے انکار کرکے مالکان کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔ درج ذیل بیان عام ہڑتال کے شروع ہونے سے ایک دن پہلے 5 اپریل 2022ء کو یونانی زبان میں لکھا گیا تھا۔

[Source]

انگریزی میں پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں

TRAINOSE کے محنت کشوں کا جنگجو، سامراج مخالف مؤقف اور تھیسالونیکی اور وسطی مقدونیہ کی متعدد ٹریڈ یونینوں سے انہیں ملنے والی یکجہتی اس فتح کی وجہ ہیں، اور یہ پوری یورپی مزدور تحریک کے لیے ایک مثال ہے۔ یہ پیش رفت ثابت کرتی ہے کہ امریکی اور یورپی سامراج کی یوکرین میں مہلک فوجی سازوسامان بھیجنے کی کوششوں کو محنت کش طبقے کی طاقت سے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

مالکان نے، 2 اپریل تک، دو ہفتے تھیسالونیکی کے انجن روم کے تکنیکی کارکنوں کو الیگزینڈروپولی جانے کے لیے دباؤ ڈالنے میں گزارے۔ وہاں انہیں نیٹو کے ٹینکوں کو پولینڈ کے راستے یوکرین کی سرحد تک پہنچانے والی ٹرینوں پر کام کرنا تھا۔

ریل کارکنوں اور ان کی حمایتی 12 یونینوں نے بجا طور پر کہا کہ نیٹو کے مشرقی یورپی اراکین کی یونان کے ذریعے فوجی ساز و سامان کی یوکرین منتقلی کا واضح مقصد مغربی سامراج کی روس کے خلاف پوزیشن کو مضبوط کرنا ہے۔ 12 یونینوں نے ایک بیان میں اپنی حمایت کا اعلان کیا:

”یوکرین کی جنگ جو چند لوگوں کے فائدے اور اکثریت کے نقصان کی قیمت پر چھیڑی گئی ہے، میں ہمارے ملک کا کوئی دخل نہیں ہونا چاہیے۔ خاص طور پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پڑوسی ممالک کا کسی بھی امریکی-نیٹو ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے ہمارے ملک کے ریلوے رولنگ سٹاک کا کوئی استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ہم ملازمین کے الیگزینڈروپولی کی بندرگاہ سے نیٹو ٹینکوں کو لے جانے والی ٹرینوں پر کام کرنے سے انکار پر ٹرینوز کی جانب سے ملازمین کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ مالکان کا یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ:’ہمیں پرواہ نہیں کہ ٹرین میں کیا لے جایا جا رہا ہے، یہ آپ کا کام (نوکری) ہے اور آپ کو جانا ہوگا‘ یا یہ کہ’کمپنی معاہدے میں کہا گیا ہے کہ ملازم کمپنی کی ضروریات کے مطابق کام کرے گا‘۔ ہم، ریلوے مزدور، لوگوں اور سماج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے استعمال ہونے والے سامان کی نقل و حمل کے لیے کام کرتے ہیں۔ نیٹو کے جنگی سامان کو یوکرین کے مضافات میں پہنچا کر، ایسے معاملات کا حصہ نہیں بنیں گے جو لوگوں کے لیے خطرناک ہوں۔ ہم جنگی مشین کے اپنے ملک کے علاقوں سے گزرنے کے عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔ یوکرین کے عوام کے ساتھ حقیقی یکجہتی مندرجہ ذیل جدوجہد پر مشتمل ہے: بیرونی ممالک میں فوجی ساز و سامان کی نقل و حمل کے لیے ریلوے کا کوئی استعمال نہیں؛ اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والی ٹرینوں کو اپنے اڈوں پر واپس بھیجا جائے؛ ہمارے ملک سے نیٹو کے فوجی سازوسامان کی منتقلی پرانکار کرنے والے ریلوے کارکنوں کو کوئی دھمکیاں نہیں‘!

دائیں بازو کی نیو ڈیموکریسی (ND) حکومت یونانی عوام کے پرامن اور سامراج مخالف جذبات کے باوجود یوکرین میں سامراجی تنازعے کی فعال حمایت کرتی ہے۔ مارچ کے اوائل میں نیٹو کی کٹھ پتلی کیف حکومت کو بھیجے گئے ہزاروں ہتھیاروں اور میزائلوں کے علاوہ، یہ حکومت اکثر ملک میں نیٹو کے اڈوں کا استعمال بھی کرتی ہے۔ الیگزینڈروپولی کی بندرگاہ اور یونانی ٹرینوں کو بلغاریہ اور رومانیہ کے راستے گولہ بارود کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ یوکرین میں جنگ کی حمایت کی جا سکے۔ ساتھ ہی، یونانی حکومت نے روس کے خلاف نیٹو کے جنگی فارمیشن کی تشکیل میں حصہ لینے کے لیے اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کے چار یونٹ سمیت 30 مضبوط فوجی اہلکاروں کو بلغاریہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ASRAD/Hellas نا صرف یہ بلکہ،یونانی فوج نیٹو رسپانس فورس میں حصہ بھی لیتی ہے، جو یوکرین پر روسی حملے کے فوراً بعد تشکیل دی گئی تھی۔ ٹرینوز کے مزدوروں کی اس بغاوت نے محنت کش طبقے کے بڑے حصوں کی ہمدردیاں جیت لی ہیں۔ مزید یونینوں اور فیڈریشنوں کوبھی کھل کر ان کارکنوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ 6 اپریل کی عام ہڑتال میں تمام یونینوں کے مطالبات میں یہ نکات شامل ہونے چاہئیں: ”ٹرینوز کے کارکنوں کی انتقامی برطرفیاں نامنظور“، ”نیٹو اور اس کی یوکرین میں مداخلت نامنظور“ اور”سامراجی منصوبوں میں یونان کی شرکت نا منظور“۔

یونان اور یورپ میں ریلوے، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے تمام مزدوروں کو ٹرینوز کے ملازمین کی پیروی کرنی چاہیے!

یوکرین جنگ میں نیٹو کا سامراجی کردار اور قاتل مشینوں کی سہولت کاری نامنظور!